ڈزنی چینل کی مقبول فلم سیریز ’زومبیز‘ میں چیئر لیڈر ’بری‘ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کارلا جیفری 33 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
اداکارہ کے انتقال کی تصدیق ان کی ایجنٹ کارلا الیگزینڈر نے کی، تاہم ان کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔ ایجنٹ نے کارلا جیفری کو ایک پُرجوش، دلکش اور خوش مزاج شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مسکراہٹ پورے کمرے کو روشن کر دیتی تھی۔1993 میں ہیوسٹن میں پیدا ہونے والی کارلا جیفری نے صرف 12 برس کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا۔ تقریباً دو دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد ٹی وی شوز اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔کارلا جیفری کا پہلا اسکرین کریڈٹ 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم ’Phat Girlz‘ تھا، جس میں انہوں نے اداکارہ مو نیک کے کردار کا کم عمر روپ نبھایا۔وہ معروف کامیڈی سیریز ’Curb Your Enthusiasm‘ میں ’کیشا بلیک‘ کے کردار میں بھی نظر آئیں، جبکہ ’iCarly‘، ’Good Luck Charlie‘، ’Shake It Up!‘، ’Scream Queens‘، ’Crazy Ex-Girlfriend‘، ’Suburgatory‘ اور ’American Vandal‘ سمیت کئی مقبول ٹی وی شوز کا حصہ رہیں۔تاہم ڈزنی کی ’Zombies‘ فلم سیریز نے انہیں خاص شہرت دلائی۔ کارلا نے اس سیریز میں میگ ڈونلی کے کردار ’ایڈیسن‘ کی بہترین دوست ’بری‘ کا کردار ادا کیا۔ وہ 2018 میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم کے علاوہ اس کے دونوں سیکوئلز میں بھی نظر آئیں، جبکہ 2024 میں اسی کردار کے اینیمیٹڈ اسپن آف کے لیے اپنی آواز بھی فراہم کی۔
کارلا جیفری کے انتقال پر ان کے ساتھی فنکاروں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اداکار مائلو مینہائم نے انہیں اپنی زندگی میں ملنے والی ’سب سے پیاری شخصیت‘ قرار دیا، جبکہ چینڈلر کنی نے انہیں ایک روشن اور پُراثر شخصیت کے طور پر یاد کیا۔ ٹریور ٹورڈج مین، بیبی ایریل اور دیگر ساتھی فنکاروں نے بھی اداکارہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ڈزنی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن نے بھی کارلا جیفری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں اور سخاوت کو سراہا اور ان کے اہلِ خانہ، ساتھی فنکاروں اور مداحوں سے اظہارِ تعزیت کیا۔کارلا جیفری کے پسماندگان میں ان کے جڑواں بھائی کارلون جیفری بھی شامل ہیں، جو خود بھی اداکار ہیں۔ کارلون جیفری ڈزنی کی سیریز ’A.N.T. Farm‘ میں کیمرون پارکس کا کردار ادا کر چکے ہیں۔