گوادر، پسنی، جیوانی اور اورماڑہ میں الجی(کائی) جمع ہونے سے آکسیجن کی سطح میں کمی ،سمندری حیات کو شدید نقصان پہنچا
بدبو اور تعفن سے ساحلی آبادی کو مشکلات، الجی بلوم قدرتی عمل ہے مگر فوری اثرات خطرناک ہیں، اپیل ہے کہ ماہی گیراحتیاط کریں
مکران(آئی این پی )مکران کے ساحلی علاقوں میں سمندر کا پانی غیر معمولی طور پر سبز ہوگیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات کے مطابق گوادر، پسنی، جیوانی اور اورماڑہ میں الجی(کائی) جمع ہونے سے آکسیجن کی سطح میں کمی ہوئی جس کے باعث سمندری حیات کو شدید نقصان پہنچا اور درجنوں مچھلیاں ہلاک ہوگئیں۔ان کا کہنا تھا کہ ساحل پر گٹار فش سمیت تقریبا 200 سمندری سانپ بھی مردہ پائے گئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات کے مطابق بدبو اور تعفن سے ساحلی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے، الجی بلوم قدرتی عمل ہے مگر فوری اثرات خطرناک ہیں۔انہوں نے ماہی گیروں سے اپیل کی کہ ماہی گیراحتیاط کریں، چند دونوں میں صورتحال معمول پر آجائے گی۔