اچکزئی کا نواز شریف سے قریبی تعلق رہا، ن لیگ میں انکا احترام ہے،فوادچوہدری

اپوزیشن لیڈر معاملے پر حکومت سے بات کرسکتے ہیں تو اسیران پر بھی بات کرینگے
 دونوں کے درمیان نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی وجہ سے پاکستان کی سیاست کا ماحول بدلا ہے
 عدم اعتماد میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے دیگر دوستوں کا بھی کردار تھا:سابق وفاقی وزیر
اسلام آباد(آئی این پی) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ محمود اچکزئی کا نوازشریف سے قریبی تعلق رہا ہے، ن لیگ میں محمود اچکزئی کیلئے احترام پایا جاتا ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں محمود اچکزئی کا بھی کردار تھا، عدم اعتماد میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے دیگر دوستوں کا بھی کردار تھا، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے مختلف دوست نوازشریف کیساتھ کام کرچکے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ اعظم نذیر تارڑ نے بتایا سینیٹ میں جلد اپوزیشن لیڈر کی تقرری ہوجائے گی، حکومت اور اپوزیشن میں کچھ نہ کچھ رابطے ہوئے ہیں جس کا خیرمقدم کرنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ اچکزئی اپوزیشن لیڈر معاملے پر حکومت سے بات کرسکتے ہیں تو اسیران پر بھی بات کرینگے، امید ہے محمود اچکزئی اسیران کی رہائی سے متعلق حکومت سے بات کریں گے، سیاسی اور خصوصا خواتین اسیران کی رہائی کی بات کی تو یہ بڑا اقدام ہوگا۔سابق رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی وجہ سے پاکستان کی سیاست کا ماحول بدلا ہے، پی ٹی آئی کے بھی 90 فیصد لوگ چاہتے ہیں کہ ڈائیلاگ ہوں۔فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کرنا ہے کہ ڈائیلاگ کو موقع دینا ہے یا نہیں، حکومت نے اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کرکے ڈائیلاگ کو موقع دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ فریقین میں ڈائیلاگ کے خواہشمند افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے، ڈائیلاگ کے خواہشمند افراد کی تعداد بڑھنا پاکستان کیلئے اچھی خبر ہے، پی ٹی آئی چیئرمین نے بیان دیا پھر کے پی سے ایک وزیر نے کہا ایسا نہیں کہنا چاہیے۔