برطانیہ میں رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی سپر مارکیٹس نے مسلم کمیونٹی کے لیے خصوصی رعایتوں کا اعلان کر دیا ہے۔
10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں نمایاں کمی کرتے ہوئے اسے آدھی قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ ساڑھے 12 پاؤنڈ مالیت کا آٹے کا تھیلا اب 6 پاؤنڈ 25 پینس میں دستیاب ہے۔اسی طرح 10 کلو چاول کے تھیلے پر 5 پاؤنڈ جبکہ 5 کلو چاول پر 3 پاؤنڈ کی بچت دی جا رہی ہے، جس سے خریداروں کو خاطر خواہ ریلیف مل رہا ہے۔دوسری جانب پاکستان میں ہر سال کی طرح رواں برس بھی رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء خصوصاً پھل، سبزیاں، دالیں، گوشت، چینی اور بیسن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخناموں اور بازار کی قیمتوں میں واضح فرق پایا جاتا ہے اور متعدد دکاندار سرکاری نرخ تسلیم کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ موثر نگرانی اور سخت کارروائی کے ذریعے رمضان کے بابرکت مہینے میں مہنگائی پر قابو پایا جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔