برازیلیا (نیٹ نیوز) برازیل کی شمال مشرقی ریاست باہیا کے علاقے پلانالٹو میں ایک 14 سالہ لڑکے کی موت ہوگئی۔ اس نے مبینہ طور پر ایک آن لائن چیلنج کے تحت مردہ تتلی کو پانی میں ملا کر خود کو انجکشن لگایا تھا۔مرر کے مطابق داوی نے یہ عجیب و غریب تجربہ کرنے کے بعد الٹی شروع کر دی اور لنگڑانے لگا جس پر اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کو اس نے بتایا کہ اس نے ایک کیمسٹ سے لا کر ایک مردہ مونارک تتلی کو پانی میں حل کیا اور اس محلول کو اپنی دائیں ٹانگ میں انجیکٹ کر لیا۔اس کی حالت بگڑنے پر اسے فوری طور پر ریاست کے تیسرے بڑے شہر وٹوریا دا کونکیستا کے ایک بڑے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق داوی نے مرنے سے پہلے اس بات سے انکار کیا کہ وہ کسی سوشل میڈیا چیلنج کا شکار ہوا تھا لیکن مقامی پولیس نے پوسٹ مارٹم کے نتائج کا انتظار کرتے ہوئے اس معاملے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تتلیوں میں کئی پیچیدہ کیمیکل موجود ہوتے ہیں، جن کی مکمل تحقیق نہیں ہوئی، اور بعض اقسام زہریلی بھی ہو سکتی ہیں۔ماہرین کے مطابق مونارک تتلی ایک مخصوص پودے کا زہریلا مادہ جذب کرتی ہے جو اسے شکاریوں کے لیے بدذائقہ بناتا ہے، لیکن عام طور پر یہ مادہ انسانوں کے لیے مہلک نہیں ہوتا