عمران خان آج اگر جیل میں ہیں تو اپنی وجہ سے، ان کو کسی سیاسی مخالف نے جیل میں نہیں ڈالا
لاہور(یواین پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماسعد رفیق کا کہنا ہے کہ جھوٹ بول بول کر لوگوں کو مسلسل گمراہ کیا گیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان آج اگر جیل میں ہیں تو اپنی وجہ سے ہیں، ان کو کسی سیاسی مخالف نے جیل میں نہیں ڈالا۔لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کو سبق سیکھنا چاہئے۔پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ( ن) نے غلطیوں سے سیکھ لیا ہے۔بانی پی ٹی آئی نے 2018 کے انتخابات میںس اسٹیبلشمنٹ کا مہرہ بن کر ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا مارا اور ملک کو مشکل حالات میں دھکیل دیا۔خان صاحب کہتے تھے کہ ا سٹیبلشمنٹ اور جرنیلوں سے بات کروں گا جب کہ عمران خان کو کسی سیاسی مخالف نے جیل میں نہیں ڈالا اپنی وجہ سے قید میں ہیں۔مشکل میں صرف وہ نہیں جو جیل میں ہیں سب مشکل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سب کو پیغام جانا چاہیے جو خرابی کرے گا وہ بھگتے گا۔سیاست دانوں کو خرابی سے سبق سیکھنا چاہیے جب کہ سیاست دان کمزور ہے یا نہیں۔ یہ بات سیاست دانوں کو ہی کرنا ہو گی پھر کوئی نہ کوئی رستہ کھلے گا۔