بھتے کی پرچیاں:سندھ حکومت کا وفاقی وزیر داخلہ کو آن بورڈ لینے کا فیصلہ

کراچی (خصوصی رپورٹ)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جمعرات کو آباد کے وفد سے ملاقات کی۔ بلڈرز کو بھتے کی پرچیوں کے معاملے پر سندھ حکومت نے وفاقی وزیر داخلہ کو آن بورڈ لینے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت آباد نمائندگان کی میٹنگ ہوئی، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کی نگرانی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر آئی جی سندھ نے ہنگامی اجلاس بلالیا۔ چیئرمین آباد کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ آئندہ ماہ آباد کا اہم دورہ بھی کریں گے، بھتے میں ملوث مجرموں کے ریڈ وارنٹ جلد جاری ہوں گے۔مراد شاہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت کسی بھی صورت میں زمینوں پر قبضے یا بھتہ خوری کو برداشت نہیں کرے گی، انہوں نے واضح کیا کہ سندھ میں کہیں بھی زمینوں پر قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی،میں نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ زمین پر کسی بھی قسم کے غیر قانونی قبضے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔