لاہورہائیکورٹ کافیصلہ کالعدم قرار،آئی فون سمگلنگ کی ملزمہ آمنہ ناز کی ضمانت منظور
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار د یتے ہوئے آئی فون اسمگلنگ کی ملزمہ آمنہ ناز کی ضمانت منظور کر لی،آئی فونز سمگلنگ کی ملزمہ آمنہ ناز کی ضمانت 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی گئی،ملزمہ آمنہ ناز کی ضمانت بعد از گرفتاری کا فیصلہ جسٹس مسرت ہلالی نے تحریر کیاجس میں کہاگیاہے کہ ضمانت منسوخی کے وقت عدالت کو ملزمہ کا خاتون ہونا مدنظر رکھنا چاہیے تھا،ملزمہ کا مجرمانہ ریکارڈ،جرم کی نوعیت اور فرار نہ ہونے کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے تھا۔صرف قانون کا حوالہ دیکر سزا سنانا غیر مناسب ہے،ملزمہ کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں نہ ہی اشتہاری ہونے کا کوئی ریکارڈ ہے،لاہور ایئرپورٹ پر دوران چیکنگ ملزمہ سے 26 آئی فون برآمد ہوئے،26 آئی فونز کی مالیت 78 لاکھ 46 ہزار 798 روپے بنتی ہے۔