او چ شریف جاتے ہوئے مخدوم سید علی گیلانی کی گاڑی سڑک پر کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی،ساتھی سمیت موقع پردم توڑ گئے
اوچ شریف(آئی این پی )اوچ شریف میں ٹریفک حادثے میں سابق ایم این اے علی حسن گیلانی سمیت 2افراد جاں بحق جبکہ 3افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔تفصیل کے مطابق احمدپور شرقیہ سے او چ شریف جاتے ہوئے اڈہ نبی پور کے قریب پاکستان پیپلز پارٹی بہاولپور کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری و سابق ایم این اے مخدوم سید علی حسن گیلانی کی گاڑی سڑک پر کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔خوفناک حادثے میں مخدوم سید علی حسن گیلانی اپنے ساتھی گاڑی میں سوار اکبر نامی شخص سمیت جاں بحق ہوگئے جبکہ گاڑی میں سوار تین افراد میاں سلطان، محمد حنیف اور جند وڈہ شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا اور سینکڑوں افراد مخدوم سید علی حسن گیلانی کی رہائش گاہ اوچ شریف پہنچ گئے۔ ممبر قومی اسمبلی مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی، مخدوم سید سہیل حسن گیلانی اور مخدوم سید سلمان گیلانی کے بھائی سابق ایم پی اے مخدوم سید افتخار حسن گیلانی، مخدوم سید ظفر حسن گیلانی اور مخدوم سید محبوب حسن گیلانی کے بھتیجے اور ایم پی اے سید عامر علی شاہ کے پھوپھی زاد بھائی اور سابق چیئرمین ضلع کونسل بہاول پور شیخ دلشاد احمد قریشی کے داماد تھے۔ سید علی حسن گیلانی کی نماز جنازہ غوث الاعظم کاٹن فیکٹری کے احاطہ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ صاحبزادہ حامد سعید کاظمی نے پڑھائی، جس میں ملک بھر سے سیاسی و سماجی شخصیات ممبران صوبائی و قومی اسمبلی کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بہاول پور نے شرکت کی۔