اسرائیل کے احتجاج کے باوجود غزہ پر خاموش نہیں رہیں گے: آئرلینڈ

غزہ میں بچوں کو قتل کرنا اور بلاامتیاز قتل و غارت کو قابل مذمت سمجھتا ہوں، وزیراعظم سیمون ہیرس
 ڈبلن (آئی این پی )آئرلینڈ کے وزیراعظم ٹاوسیچ سیمون ہیرس نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ڈبلن میں اپنا سفارت خانہ بند کرنے جیسے احتجاج کے باوجود غزہ پر ان کی مظالم کے حوالے سے خاموش نہیں ہوں گے۔غیرملکی خبر رساںادارے کے مطابق آئرلینڈ کے وزیراعظم سیمون ہیرس نے اسرائیلی وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے انہیں تباہ کن سفارت کاری کرنے سے جوڑ دیا تاہم کہا کہ آئرلینڈ کی جانب سے اسرائیل کے حق دفاع کی حمایت بھی جاری رہے گی۔غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی حمایت کرنا آئرلینڈ کے لیے فخر کی بات ہے۔سیمون ہیرس نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو قتل کرنا، قابل مذمت ہے، میں غزہ میں ہونے والے قتل عام کو قابل مذمت سمجھتا ہوں۔لوگوں کو بھوک سے نڈھال کرنا اور انسانی بنیاد پر امداد تک رسائی نہ دینا قابل مذمت ہے۔