سوئٹزرلینڈ:حکومتی مخالفت کے باوجود پارلیمنٹ نے حزب اللہ کو کالعدم قراردیدیا

لبنانی تنظیم پر پابندی کے حق میں 126ووٹ، 20مخالفت میں آئے،41اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا
  سٹاک ہوم (آئی این پی )سوئٹزرلینڈ کی پارلیمنٹ نے غیرمعمولی اقدام کرتے ہوئے لبنانی تنظیم حزب اللہ کو کالعدم قرار دینے کے حق میں ووٹ دے دیا۔غیرملکی خبررساںادارے کی رپورٹ کے مطابق سوئٹزرلینڈ عام طور پر غیرجانبدار ملک ہے اور عالمی تنازعات میں مذاکرات اور ثالثی کا کردار ادا کرتا ہے لیکن پارلیمنٹ کی جانب سے حزب اللہ کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔پارلیمنٹ میں پابندی کے حق میں 126ووٹ آئے، 20مخالفت میں اور 41اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔سوئٹزرلینڈ کے ایوان بالا نے حزب اللہ پر پابندی کے حق میں ووٹ گذشتہ ہفتے دیا تھا اور اب ایوان زیریں نے بھی اس کی توثیق کردی ہے۔دوسری جانب سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے اس پابندی کی مخالفت کردی ہے۔وزیرانصاف بیٹ جینز نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر سوئٹزرلینڈ خصوصی قوانین کے تحت اس طرح کی تنظیموں پر پابندی عائد کرتا ہے توہمیں خود سے پوچھنا ہوگا کہ کہاں اور کیسے لکیر کھینچی جائے۔