کرم میں ادویات و خوراک کی کمی کا کوئی مسئلہ نہیں: بیرسٹر سیف

 امن وامان یقینی بنانے سے متعلق کچھ لوگوں کو اب بھی شکوک و شبہات ہیں،مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کی پریس کانفرنس
 پشاور(آئی این پی ) خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم میں ادویات اور خوراک کی کمی کا کوئی مسئلہ نہیں،اس حوالے سے خبریں چلانے سے پہلے حکومتی موقف ضرور لیا  جائے، کرم لڑائی میں اینٹی ائرکرافٹ گنز اور راکٹ لانچرز استعمال ہوئے۔ جبکہ کرم میں موجود اسلحہ حکومت کی جانب سے جمع کیا جائے گا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ گرینڈ جرگے میں تمام تجاویز پر عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کی گئی ہے۔ تاہم کچھ لوگ بھاری اسلحہ سرنڈر کرنے سے ہچکچا رہے ہیں۔ امن وامان یقینی بنانے سے متعلق کچھ لوگوں کو اب بھی شکوک و شبہات ہیں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ کرم میں ادویات اور نہ خوراک کی موجودگی کا کوئی مسئلہ ہے۔ تاہم عوام کو مشکلات درپیش ہونے میں کوئی شک نہیں۔ کرم میں ہر صورت میں اسلحہ سرنڈر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں طرف سے ایسی قوتیں موجود ہیں جو معاملے کو طول دینے کی کوشش کرتی ہیںاور تشدد کی جانب راغب کرنے والے لوگوں کو روکنا دونوں فریقین کی ذمہ داری ہے۔اس موقع پر مشیر صحت احتشام علی نے کہا کہ کرم کو وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ادویات کی ترسیل جاری ہے اور کرم کے حوالے سوشل میڈیا پر غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادویات ترسیل میں سڑکوں کی بندش کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں۔ تاہم ادویات کی عدم دستیابی کی وجہ سے بچوں کی اموات کا واقعہ ہونے کی بات غلط ہے۔