ضلع کرم کو بھاری ہتھیاروں سے پاک کرنا ناگزیر : بیرسٹر سیف

 نفرتوں کو مٹانا ہوگا، جنگ خود بخود ختم ہو جائے گی، مشیراطلاعات پختونخوا کا گرینڈ جرگے سے خطاب
     کوہاٹ(آئی این پی ) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ضلع کرم کو بھاری ہتھیاروں سے پاک کرنا ناگزیر ہے، ہمیں نفرتوں کو مٹانا ہوگا، جنگ خود بخود ختم ہو جائے گی، کرم کی مرکزی شاہراہ جلد آمد و رفت کیلئے کھول دی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کرم کے گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے  ہوئے کیا ۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ مرکزی شاہراہ پر قائم بنکرز کو عوامی تعاون سے جلد ختم کیا جائے گا، ضلع کرم کو بھاری ہتھیاروں سے پاک کرنا ناگزیر ہے، دونوں فریقین امن چاہتے  ہیں لیکن کچھ عناصر کے مفادات جنگ سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان عناصر کی نشاندہی عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، ان عناصر کیخلاف حکومت سخت ترین کارروائی کرے گی اور مجھے امید ہے جنگ بندی کا یہ عمل مستقل طور پر جاری رہے گا۔ صوبائی  مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گرینڈ جرگے کو اس بار اس مسئلے کا مستقل حل نکالنا ہوگا، صوبائی حکومت آپ کیساتھ ہے امن کے قیام کیلئے ہر قدم اٹھائیگی۔