لاہور (سپیشل رپورٹر) کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن (سی پی اے) نے پنجاب اسمبلی میں ہونے والی حالیہ اصلاحات کو شفافیت اور احتساب کے لیے مثالی قرار دیا ہے۔ سی پی اے نیوز لیٹر میں سپیکر کے اقدامات کو نمایاں کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خواتین اور اقلیتوں کی بہتر نمائندگی کے لیے کی گئی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ اس کے علاوہ قانون سازی میں عوامی شرکت کو یقینی بنانے اور عالمی معیار کے قوانین نافذ کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی کے اقدامات کو سراہا گیا۔ نیوز لیٹر میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کمیٹیوں کی خودمختاری میں اضافہ کیا، جس سے اسمبلی کی کارکردگی میں مزید بہتری آئی۔ ان کی قیادت میں پنجاب اسمبلی نے خواتین اور اقلیتوں کی نمائندگی کو نہ صرف بڑھایا بلکہ قانون سازی کے عمل میں شفافیت اور احتساب کو فروغ دیا۔