آمدن کا ہدف 35 ارب تجویز، 32 ارب کے اخراجات کی منظوری لی جائیگی
لاہور (خصوصی رپورٹ)وی سی ایل ڈی اے میاں مرغوب کی زیر صدارت گورننگ باڈی اجلاس میں مالی سال 2025-26 کیلئے 45 ارب روپے کا بجٹ پیش کیاجائے گا۔ذرائع کے مطابق آمدن کا مجموعی ہدف 35 ارب مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ آمدن میں اضافہ کمرشلائزیشن، جرمانوں، اراضی فروخت اور دیگر فیسز سے متوقع ہے۔ صرف کمرشلائزیشن اور جرمانوں کی مد میں 25 ارب کا ہدف رکھا گیا ہے، اراضی فروخت اور دیگر فیسز سے 10 ارب حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔پنجاب حکومت سے قرض کی مد میں 10 ارب لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسکے علاوہ ایل ڈی اے ذاتی وسائل سے 32 ارب کے اخراجات کی منظوری لے گا جن میں ترقیاتی وغیر ترقیاتی اخراجات شامل ہونگے، جاری ترقیاتی سکیموں اور نئے منصوبوں کیلئے فنڈز مختص کیے جائینگے۔ نئے مالی سال میں 8 ارب اضافی آمدن کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اجلاس میں بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز میں دوبارہ ترمیم کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا تاکہ تعمیراتی سرگرمیوں کو موجودہ ضروریات اور قواعد و ضوابط سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ نجی ٹرسٹس کو کمرشل فیس سے استثنیٰ دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے جائے۔ بجٹ کے تحت ایل ڈی اے شہر میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ہا ئوسنگ سوسائٹیز کی بحالی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، سیوریج بہتری اور شہری سہولیات پر بھی فنڈز مختص کرے گا۔