جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز سے قبل بڑا دھچکہ لگا ہے۔
ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر کگیسو ربادا دائیں ٹخنے کی تکلیف کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔کرکٹ جنوبی افریقہ (CSA) نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ ربادا کو انجری سے مزید محفوظ رکھنے اور آئندہ بڑے ایونٹس کے لیے مکمل فٹ رکھنے کے پیش نظر انہیں آرام دیا جا رہا ہے۔ان کی جگہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان فاسٹ بولر کوینا میپحاکا کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ میپحاکا نے حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں اور اپنی تیز رفتار، درست لائن و لینتھ کے باعث سلیکٹرز کو متاثر کیا۔آج سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ کھیلا جا رہا ہے، جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ ربادا کی غیر موجودگی سے اگرچہ جنوبی افریقی بولنگ لائن دباؤ میں آ سکتی ہے، تاہم یہ نوجوان میپحاکا کے لیے خود کو ثابت کرنے کا ایک سنہری موقع بھی ہوگا۔