ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور محمد نوید کے نوٹس پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اپنے ہی کزن کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے سفاک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم نے معمولی تلخ کلامی پر اپنے پھوپھو زاد کزن احمد علی کو اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ واردات کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا تھا۔انچارج انویسٹی گیشن اسلام پورہ محمد اختر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ہیومن انٹیلی جنس اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا اور کامیاب کارروائی کے دوران اسے گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملزم کے خلاف ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر مضبوط چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ اسے قانون کے مطابق سخت سزا دی جا سکے اور مقتول کے اہل خانہ کو انصاف ملے۔