پنجاب میں سڑکوں اور عمارتوں کا تعمیراتی معیار جاپان کے برابر لائیں گے مریم نواز

پنجاب  جلد ترقی کر کے جاپان کے برابر آجائیگا، لاہور کو یوکوہاما کی طرح ترقی دیں گے ‘ یہاں کے صفائی کے نظام کو ستھرا پنجاب میں شامل کرینگے
 شہباز شریف کو قوم کا درد ہے وہ صبح 7 سے لے کر رات 12 بجے تک کام کرتے ہیں:وزیراعلی پنجاب  کا یوکوہاما میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب 

 یوکوہاما (یواین پی‘مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کے جدید شہری ترقیاتی ماڈلز اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے جاپان کے تجربات سے سیکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے اپنے وفد کے ہمراہ جاپان کے تجارتی، معاشی اور ثقافتی مرکز یوکوہاما شہر کا دورہ کیا، یوکوہاما کے ٹاؤن ہال میں وزیراعلیٰ اور وفد کو اربن ڈویلپمنٹ کے ماڈلز پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر پنجاب اور یوکوہاما کے درمیان ''سٹی ٹو سٹی'' تعاون پر اتفاق کیا گیا جس میں ماحولیات کے تحفظ، شہروں کی جدید ترقیاتی منصوبہ بندی اور شہری سہولیات کی بہتری شامل ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے  پنجاب میں سڑکوں اور عمارتوں کا تعمیراتی معیار جاپان کے برابر لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے، دورے کے دوران راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) اور یوکوہاما کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔مزید برآں لاہور اور اسلام آباد کے درمیان تیز رفتار ٹرین چلانے اور ریلوے اپ گریڈیشن میں جاپان کے تعاون کا جائزہ لیا گیا،دریں اثناء جاپان کے علاقے یوکوہاما میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں مریم نواز نے کہا جلد پنجاب ترقی کے معاملے میں جاپان کے برابر آجائے گا۔انہوں نے کہا جاپان میں ڈھونڈنے سے بھی کچرا نہیں ملتا اور ایک ایسا ہی دنیا کا سب سے بڑا صفائی کا منصوبہ ستھرا پنجاب ہمارے صوبے میں جاری ہے۔  یوکوہاما کے صفائی کے نظام کو پنجاب کے پروگرام میں شامل کریں گے۔  مخالفین بھی آج کہتے ہیں  اتنا صاف پنجاب نہیں دیکھا، ستھرا پنجاب منصوبے میں ڈیڑھ لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوئے جبکہ عوام کی خدمت کے لیے 25 سے 30 ارب روپے کی جدید مشینری خریدی۔مریم نواز نے کہا  اوور سیز پاکستانی جھانسے میں آجاتے ہیں، سڑکیں بنانے سے قومیں نہ بننے والوں سے سوال کریں ہسپتال، یونیورسٹی اور سڑک کہاں بنیں؟ انہوں نے مہنگائی کر کے غریب سے نوالہ چھینا‘انہوں نے کہا  اگر سڑکیں بنانے سے قوم نہیں بنتی تو کیا گالیاں دینے سے بنتی ہے؟ انہوں نے کہا  شہباز شریف کو قوم کا درد ہے وہ صبح 7 سے رات 12 بجے تک کام کرتے ہیں، پاکستان کا ہر دن گزرے روز سے بہتر ہوتا ہے، نواز شریف ، شہباز شریف اور میں محنت کررہے ہیں، ہم لگن سے کام کررہے ہیں اور اللہ تعالیٰ کامیابی دیتا ہے۔انہوں نے کہا  اقتدار کا مطلب دفتر اپنی مرضی سے جانا، کافی پینا اور الزامات لگانا نہیں ہے بلکہ اس کے لیے کام کرنا پڑتے ہیں، پنجاب میں ہزاروں فیلڈ اسپتال اور موٹرسائیکل اسپتال چل رہے ہیں، قیمتوں کو روکنے کیلیے ایک فورس بنادی جو قبضے چھڑوا رہی ہے۔