ژالہ باری سے متاثرہ گاڑیوں کے مالکان کیلئے مالی امداد کی تجویز

ژالہ باری سے متاثرہ گاڑیوں کے مالکان کیلئے مالی امداد کی تجویز

اسلام آباد:چیئرمین داخلہ کمیٹی سینیٹر فیصل سلیم نے ژالہ باری سے متاثرہ گاڑیوں کے مالکان کے لیے مالی امداد کی سفارش کی ہے۔

سینیٹر فیصل سلیم نے وزارت داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو ایک خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ ژالہ باری کے دوران سیکڑوں شہریوں کی گاڑیوں کی ونڈ اسکرینز ٹوٹ گئیں، جس کی وجہ سے انہیں بھاری مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو شہریوں کے نقصانات کا جزوی ازالہ کرنا چاہیے تاکہ ان پر مالی بوجھ کم ہو اور انہیں حکومت کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام مل سکے۔سینیٹر فیصل سلیم نے تجویز دی کہ متاثرہ شہریوں کو سبسڈی یا مالی امداد فراہم کی جائے، خاص طور پر ان شہریوں کو جو معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔

اس کے علاوہ، انشورنس کمپنیوں سے رقوم کی ادائیگیوں کے طریقہ کار کو تیز اور منصفانہ بنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔سینیٹر فیصل سلیم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو معاوضہ پروگرام شروع کرنے سے عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کا فروغ ہوگا اور شہریوں کو محسوس ہوگا کہ حکومت ان کے مشکلات میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔