غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 64 فلسطینی شہید

غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 64 فلسطینی شہید

ویب ڈیسک:غزہ میں اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر فضائی حملوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔

جمعہ کی صبح سے شروع ہونے والے تازہ حملوں میں اب تک کم از کم 64 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔الجزیرہ کے مطابق، جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ایک دکان پر ہونے والے فضائی حملے میں 6 فلسطینی جاں بحق ہوئے، جبکہ ایک ہی گھر پر بمباری سے 10 افراد شہید ہو گئے۔ غزہ میں الجزیرہ کے نمائندے کے مطابق، جنگ سے متاثرہ شہری "نفسیاتی طور پر ٹوٹ چکے ہیں" کیونکہ اسرائیلی بمباری کا سلسلہ تھم نہیں رہا اور امدادی سامان کی شدید قلت کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کو کھانا تک نہیں دے پا رہے۔دریں اثناء اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک (WFP) نے انتباہ جاری کیا ہے کہ "غزہ کو فوری خوراک کی ضرورت ہے" کیونکہ لاکھوں افراد فاقہ کشی کا شکار ہو رہے ہیں اور بھوک کی وجہ سے انسانی المیہ جنم لینے کے قریب ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 کو جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم 51,065 فلسطینی شہید اور 116,505 زخمی ہو چکے ہیں۔ جبکہ غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے شہدا کی تعداد 61,700 سے زائد بتائی ہے اور یہ بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے تلے دبے ہزاروں افراد کے جاں بحق ہونے کا خطرہ ہے۔یہ جنگ 7 اکتوبر 2023 کو اس وقت شروع ہوئی جب حماس نے اسرائیل پر حملہ کیا تھا، جس میں کم از کم 1,139 اسرائیلی ہلاک اور 200 سے زائد کو یرغمال بنایا گیا تھا۔