حماس نے اسرائیل کی عبوری جنگ بندی کی پیش کش مسترد کردی

فلسطینی مزاحمتی تنظیم غزہ جنگ کے خاتمے اور قید فلسطینیوں کے بدلے تمام یرغمالی رہائی کیلئے رضامند
 غزہ (آئی این پی )فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اسرائیل کی عبوری جنگ بندی کی پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس غزہ میں تنازع کے خاتمے اور اسرائیل میں قید فلسطینیوں کے بدلے تمام اسرائیلی یرغمالیوں کے تبادلے کے لیے ایک جامع معاہدہ چاہتی ہے۔ عرب ٹی وی رپورٹ کے مطابق ایک تقریر میں گروپ کے غزہ کے سربراہ خلیل الحیا جو اس کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ ہیں، نے کہا کہ گروپ اب عبوری معاہدوں پر راضی نہیں ہوگا۔خلیل الحیا نے کہا کہ حماس غزہ تنازع کے خاتمے، اسرائیل کی جانب سے جیلوں میں قید فلسطینیوں کی رہائی اور غزہ کی تعمیر نو کے بدلے اپنی تحویل میں موجود باقی تمام یرغمالیوں کی رہائی کے لیے فوری طور پر جامع پیکیج مذاکرات میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے۔