پنجاب حکومت عدلیہ کی آزادی کا جنازہ نکال رہی ہے: بیرسٹر سیف

 مریم نواز اتنا ظلم کریں کل اسے خود برداشت بھی کر سکیں ، عدلیہ آئین و قانون کی پائمالی کا نوٹس لے
پشاور(آئی این پی )مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت 26 ویں آئینی ترمیم کی آڑمیں اڈیالہ جیل کے سامنے عدلیہ کی آزادی کا جنازہ نکال رہی ہے۔اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی ہدایات پر پنجاب پولیس عدالتی احکامات کا مذاق اڑا رہی ہے، مریم نواز اتنا ظلم کریں کہ کل اسے خود برداشت بھی کر سکیں، عدلیہ 26ویں ترمیم کی زنجیروں کو توڑ کر آئین و قانون کی پائمالی کا نوٹس لے، عمران خان کی بہنوں کے ساتھ روا رکھا گیا سلوک قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی بہنوں کی ملاقات ان کا آئینی وقانونی حق ہے، ملاقات کے بجائے عمران خان کی بہنوں کو گرفتار کر کے ویرانے میں چھوڑ دینا عدالتی احکامات کا مذاق ہے، حواس باختہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے بھی خوفزدہ ہے۔