حکمرانوں کو کہتا ہوں امریکہ کسی کا وفادار نہیں: حافظ نعیم الرحمان

وزیراعظم، آرمی چیف غزہ پر مسلم ممالک کے  سربراہوں کا اجلاس بلائیں، پوری دنیا میں وفود بھیجے جائیں
اب ملک گیر ہڑتال 22 کے بجائے 26 اپریل کو ہوگی، پورا پاکستان بند ہوگا:غزہ مارچ سے خطاب
ملتان(بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے امریکہ سے محبت کرنے والے حکمرانوں کو کہتا ہوں وہ کسی کا وفادار نہیں، حکمران امریکا، اسرائیلی مظالم کی مذمت کریں۔غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا  فلسطینی ڈٹ کر کھڑے ہیں، اسرائیل نے پورے غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے، د امریکا اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا ہے، اسرائیل، امریکا فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہے ہیں۔ مسلم حکمرانوں نے غیرت کی چادر اتار دی ہے، اسی وجہ سے بزدل دشمن اسرائیل مضبوط بن گیا ہے، حماس امت مسلمہ کے ماتھے کا جھومر ہے، اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم کر رہا ہے۔ حکمران اسرائیل کے بجائے جہاد کا فتویٰ دینے والوں پر تنقید کرتے ہیں، ایسے لوگ سوشل میڈیا پر اسرائیل کو سپورٹ کر رہے ہیں،  آرمی چیف نے گزشتہ دنوں غزہ کے لوگوں سے اظہار یکجہتی کیا، وزیراعظم، آرمی چیف مسلم ممالک سربراہوں کا اجلاس بلائیں، پوری دنیا میں وفود بھیجے جائیں، اسرائیل کا ہدف گریٹر اسرائیل ہے، کوئی بھی نہیں بچے گا۔ فلسطین ہمارا ایمان اور دل ہے، کمپرؤمائز نہیں کر سکتے، 26 اپریل کو ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی، تاجروں سے مشاورت کے بعد اب ملک گیر ہڑتال 22 کے بجائے 26 اپریل کو ہوگی، 26 اپریل کو پورا پاکستان بند ہوگا۔