طلبہ و طالبات کیلئے کھیلوں کی سرگرمیوں کا شیڈول جاری

لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب کے تمام سرکاری سکولوں میں طلبہ و طالبات کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے سرکاری سکولوں میں کم از کم ہفتے میں ایک روز کھیلوں کی سرگرمیاں لازمی کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سکولوں میں کھیلوں کے فروغ اور طلبہ کی جسمانی سرگرمیوں میں اضافہ کے لیے مرحلہ وار مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔جاری شیڈول کے مطابق سکول اور مرکز کی سطح پر کھیلوں کے مقابلے 12 سے 23 اکتوبر تک منعقد ہوں گے، جبکہ تحصیل کی سطح پر مقابلوں کا انعقاد 26 اکتوبر سے 6 نومبر تک کیا جائے گا۔ ضلعی سطح کے کھیلوں کے مقابلے 10 سے 20 نومبر تک ہوں گے، جبکہ صوبائی سطح کے مقابلے 23 سے 27 نومبر تک منعقد کیے جائیں گے۔سپورٹس گالا کے تحت طلبہ و طالبات کے لیے ہاکی، کرکٹ، بیڈمنٹن اور والی بال کے مقابلے کرائے جائیں گے۔