ایل پی جی بے لگام ، 500 روپے کلو فروخت

سرکاری قیمت 308 روپے مقرر، 11 کلو وزنی سلنڈر تقریباً 70 فیصد مہنگا ،،صارفین پریشان 
لاہور(کرائم رپورٹر)گیس کی بندش کے باعث شہری مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہوگئے، اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت 450 سے 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔گیس کی مسلسل بندش اور کم پریشر کے باعث شہریوں کو گھریلو ضروریات پوری کرنے کیلئے ایل پی جی کا سہارا لینا پڑ رہا ہے، جس کے باعث اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایل پی جی 450 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے، جبکہ اس کی سرکاری قیمت 308 روپے فی کلو مقرر ہے۔ یوں صارفین کو سرکاری نرخ کے مقابلے میں نمایاں اضافی قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔11 کلو وزنی ایل پی جی سلنڈر بھی سرکاری نرخ کے مقابلے میں تقریباً 70 فیصد مہنگا فروخت کیا جارہا ہے، جس سے گھریلو صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔دوسری جانب ایل پی جی کی قیمت میں اضافے سے آٹو رکشہ ڈرائیور بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں، جن کا کہنا ہے کہ ایندھن مہنگا ہونے سے روزانہ کے اخراجات بڑھ گئے ہیں اور آمدن متاثر ہورہی ہے۔