عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز کمی

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز کمی

سعودی عرب کی تیل سپلائی میں بڑے تعطل کا خدشہ کم ہونے پر برینٹ 104 اور ڈبلیو ٹی آئی 101.20 ڈالر فی بیرل پر آگیا

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل تیسرے روز کم ہوگئیں، سعودی عرب کی سپلائی میں بڑے پیمانے پر تعطل کے خدشات میں کمی کے باعث مارکیٹ پر دباؤ بڑھ گیا۔رپورٹ کے مطابق جمعے کو برینٹ خام تیل کی قیمت 79 سینٹ کمی کے بعد تقریباً 104 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت 70 سینٹ کمی کے بعد 101.20 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان تازہ حملوں کے باوجود مارکیٹ نے فوری طور پر تیل کی سپلائی میں بڑے پیمانے پر خلل کے خدشات کو زیادہ اہمیت نہیں دی۔رواں ہفتے کے آغاز میں سعودی عرب کے بحیرہ احمر کے ایکسپورٹ مرکز ینبع سے خام تیل کی لوڈنگ معطل ہونے اور یورپ کے لیے بعض ترسیلات منسوخ ہونے کی اطلاعات کے بعد تیل کی قیمتیں تقریباً چار ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی تھیں۔تاہم سعودی عرب کی جانب سے ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کی تقریباً نصف صلاحیت چند روز میں بحال کرنے کی کوششوں اور ایشیائی ریفائنرز کو اضافی خام تیل فراہم کیے جانے کی اطلاعات کے بعد قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا۔

ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمتیں اب بھی 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر ہیں کیونکہ مارکیٹ سپلائی کی صورتحال میں واضح بہتری کے شواہد کی منتظر ہے۔دوسری جانب آبنائے ہرمز میں تیل کی نقل و حمل کو اب بھی خطرات لاحق ہیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب کی بحریہ نے جمعرات کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے ٹوگو کے پرچم بردار آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کی اطلاع دی ہے۔یوں سعودی عرب سے تیل کی سپلائی بحال ہونے کی امید نے قیمتوں پر دباؤ ڈالا ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں موجود خطرات نے عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار رکھی ہے۔