کراچی(آئی این پی ) اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نیا ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،اس منصوبے کے لیے دو کمپنیوں کی درخواستیں موصول ہوگئیں۔تفصیل کے مطابق اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایوی ایشن سہولیات کو جدید بنانیکیلئے نیا ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس منصوبے کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی ٹینڈرز کھولے گی۔ذرائع پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ ٹینڈرنگ کے عمل میں کامیاب ہونے والی کمپنی کو ایئرپورٹ پر نئے ٹاور کی تعمیر کا ٹھیکہ سونپا جائے گا۔اس منصوبے کے لیے ایئرپورٹ اتھارٹی کو اب تک دو کمپنیوں نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اور ریلائنس ایوی ایشن کی جانب سے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔نئے کنٹرول ٹاور کی تعمیر سے اسکردو ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت کی مانیٹرنگ اور فضائی ٹریفک کے نظام کو مزید محفوظ اور بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔خیال رہے سات ہزار فٹ بلندی پر قائم اسکردو ائیرپورٹ دنیا کے چند بلند ترین اورخوبصورت ایئرپورٹس میں شمار کیا جاتا ہے جبکہ ائیرپورٹ کو لائف لائن اور k2 کا گیٹ وے بھی کہا جاتا ہے