لاڑکانہ ریجن میں سی جی ٹی او لاڑکانہ، تھیفٹ سیکشن اور ڈسٹری بیوشن شکارپور کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شکارپور کے صدیق ماری سرکلر روڈ پر گیس چوری کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا۔
چھاپے کے دوران مہتاب علی سومرو ولد مراد علی سومرو اور اعجاز شاہ کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ ملزمان غیر قانونی طریقے سے سروس والوو کے نیچے رائزر پیس سے گیس حاصل کر کے 15 کلو واٹ کے جنریٹر کے ذریعے دکانوں اور گھروں کو کمرشل بنیادوں پر بجلی فراہم کر رہے تھے۔تحقیقات کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزمان نے گیس کو دو پلاسٹک کے غباروں میں ذخیرہ کر رکھا تھا تاکہ رات کے وقت گیس پروفائلنگ کے دوران جنریٹر کو سپلائی جاری رکھی جا سکے۔ کارروائی میں مجموعی کنیکٹڈ لوڈ 188 کیوبک فٹ فی گھنٹہ پایا گیا۔حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور ان سے واجب الادا گیس چوری کے دعوے بھی کیے جا رہے ہیں۔