غزہ میں اسرائیلی فوج کی تازہ کارروائیوں میں 98 فلسطینی شہید اور 385 زخمی ہو گئے۔
الشفا اور ال اہلی ہسپتال کے قریب بمباری میں متعدد افراد ہلاک ہوئے، جبکہ غزہ شہر میں مسجد اور رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر شہدا کی تعداد 65 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔مقامی رہائشیوں اور عینی شاہدین کے مطابق درجنوں اسرائیلی ٹینک اور فوجی گاڑیاں شمالی غزہ کے رہائشی علاقوں میں داخل ہو گئی ہیں، اور فضائی حملوں کے بعد زمینی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ غزہ میں غذائی قلت کے باعث مزید چار افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد قحط سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 154 ہو گئی ہے۔
عالمی برادری میں چین اور سعودی عرب نے اسرائیلی آپریشن کی مذمت کی، جبکہ اقوام متحدہ، کینیڈا، فرانس اور آئرلینڈ نے جنگ بندی اور مذاکرات پر زور دیا۔ یورپی کمیشن نے اسرائیل پر پابندیوں کی تجاویز پیش کیں، لیکن بعض یورپی ممالک کی مخالفت کے باعث ان کے منظور ہونے کے امکانات کم ہیں۔