پنجاب کی تقسیم پر قراردادیں منظور کرنے والی پیپلز پارٹی سندھ میں خونریزی کی بات کیوں کر رہی ہے؟ ملک احمد خان

پنجاب کی تقسیم پر قراردادیں منظور کرنے والی پیپلز پارٹی سندھ میں خونریزی کی بات کیوں کر رہی ہے؟ ملک احمد خان

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب کی تقسیم کی قراردادیں منظور کرنے والی پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم کے معاملے پر خونریزی کی بات کیوں کر رہی ہے؟ ایک صوبے کی تقسیم کی بات کی اجازت ہو اور دوسرے صوبے میں یہی معاملہ اٹھانا ممنوع قرار دیا جائے، ایسا نہیں ہو سکتا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ پنجاب کی تقسیم کے حوالے سے مئی 2012 کا سال اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ اس وقت پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور پنجاب کی تقسیم سے متعلق قرارداد منظور کی گئی تھی۔ اس کے بعد پنجاب اسمبلی سے مزید دو قراردادیں بھی منظور ہوئیں۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے سوال اٹھایا کہ جب 2012 کی اسمبلی اپنی آئینی مدت مکمل کر چکی ہے تو اس کی منظور کردہ قراردادوں کی موجودہ حیثیت کیا رہ جاتی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر بات چیت ہونی چاہیے اور یہ ممکن نہیں کہ ایک صوبے کے لیے الگ اصول اور دوسرے کے لیے الگ معیار اختیار کیا جائے۔ملک احمد خان نے کہا کہ صوبوں کی تقسیم پر گفتگو اپنی جگہ، لیکن اس معاملے پر خون بہانے کی بات کرنا قابل سوال ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا اس طرح کی باتیں سندھ وطنیت کے تصور کو فروغ دینے کے مترادف نہیں؟

انہوں نے کہا کہ 1973 کے آئین کے تحت ایک مسلسل جدوجہد کے بعد صوبوں کا موجودہ ڈھانچہ تشکیل دیا گیا تھا، اس لیے صوبوں سے متعلق کسی بھی معاملے کو آئینی دائرہ کار میں رہ کر زیر بحث لانا چاہیے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اپنے ایک سابقہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کتاب میلے کے دوران ایک صحافی نے ان سے سوال کیا تھا کہ کیا ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے بنائے جا سکتے ہیں؟ اس پر انہوں نے جواب دیا تھا کہ ریفرنڈم ایسا طریقہ ہے جس میں عوام براہ راست اپنی رائے کا اظہار کرتی ہے۔