پی ٹی آئی کے 3 سابق صوبائی وزرا گرفتار

تیمور جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم نو مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں پولیس نے دھر لئے 
پشاور (خصوصی رپورٹ) خیبرپختونخوا کے تین سابق صوبائی وزرا اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو پشاور ہائیکورٹ کے باہر گرفتار کر لیا گیا۔ تینوں رہنما 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں ضمانت کی درخواستوں کے سلسلے میں عدالت پہنچے تھے، جہاں پولیس نے انہیں تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لے لیا۔ گرفتاری کے پیش نظر ہائیکورٹ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت پشاور نے مذکورہ کیس میں تینوں رہنماؤں کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی تھیں۔ اس سے قبل وکلا کی مداخلت کے باعث پولیس انہیں گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھی، تاہم بعدازاں تینوں رہنماؤں نے ہائیکورٹ کے باہر گرفتاری پیش کر دی۔