آسٹریلیا، چاند کا اشارہ ،کروڑوں کیکڑے سڑکوں پر نکل آئے، جزیرہ سرخ

سڈنی(آئی این پی )آسٹریلیا کے کرسمس آئی لینڈ پر ان دنوں سڑکوں پر گاڑیوں کے بجائے کروڑوں سرخ کیکڑے دکھائی دے رہے ہیں جو جنگلات سے سمندر کی جانب سالانہ سفر پر نکل آئے ہیں ۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق بارشوں کے بعد جنگلات سے نکلنے والے یہ کیکڑے سڑکوں، پتھریلے راستوں اور خصوصی پلوں پر پھیل گئے ہیں جس سے جزیرے کا منظر سرخ ہوگیا ہے اور سڑکیں ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق کیکڑوں کی یہ نقل مکانی 14 اور 15 نومبر کو بھی جاری رہی۔ کیکڑوں کا سمندر کی جانب سفر بارشوں کے موسم کے آغاز کے ساتھ شروع ہوتا ہے تاہم اس کی رفتار اور انڈے چھوڑنے کا وقت چاند کی گردش سے بھی جڑا ہے۔سرخ کیکڑوں کی اس نقل مکانی کا سب سے حیران کن پہلو یہ ہے کہ وہ چاند کی آخری تاریخوں میں اور سمندری لہروں کی کے مطابق اپنے انڈے چھوڑنے کا وقت طے کرتے ہیں۔آسٹریلیا میں قومی پارکوں اور قدرتی ورثے کے تحفظ کا ذمہ دار ادارے پارکس آسٹریلیا کے مطابق یہ کیکڑے چاند کی آخری تاریخوں میں طلوع آفتاب سے پہلے اس وقت سمندر میں انڈے چھوڑتے ہیں جب اونچی لہر واپس اترنا شروع ہوتی ہے۔ اس وقت تک ساحل پر پہنچنے کے لیے انہیں پہلے ہی اپنے بلوں سے نکل کر سفر شروع کرنا پڑتا ہے۔اس سفر کا آغاز بارشوں سے ہوتا ہے۔ بارشیں شروع ہوتے ہی نر کیکڑے پہلے جنگلات سے ساحلی علاقوں کا رخ کرتے ہیں جبکہ مادہ کیکڑے بھی راستے میں ان کے ساتھ شامل ہو جاتی ہیں۔اگر بارشیں انڈے چھوڑنے کے موزوں وقت سے پہلے شروع ہو جائیں تو کیکڑے آہستہ آہستہ سفر کرتے ہیں اور راستے میں خوراک بھی حاصل کرتے ہیں۔ تاہم اگر بارشیں متوقع وقت کے قریب شروع ہوں تو انہیں ساحل تک جلدی پہنچنا پڑتا ہے۔ زیادہ تاخیر کی صورت میں کچھ کیکڑے اگلے مہینے تک اپنے بلوں میں ہی رہتے ہیں۔کروڑوں کیکڑوں کی نقل مکانی کے دوران کرسمس آئی لینڈ میں گاڑیوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوتی ہے۔ انہیں محفوظ راستہ دینے کے لئے حکام پہلے سے تیاری کرتے ہیں۔ سڑکوں کے نیچے گزرگاہیں صاف کی جاتی ہیں، خصوصی پل بنائے جاتے ہیں اور سڑکوں کے کنارے رکاوٹیں لگائی جاتی ہیں تاکہ کیکڑے گاڑیوں کی زد میں آنے سے بچ سکیں۔پارکس آسٹریلیا کے مطابق نقل مکانی کے دوران ضرورت کے تحت سڑکوں کے بعض حصے دن کے کچھ وقت یا پورے دن کے لئے بند کیے جا سکتے ہیں۔ جزیرے پر کیکڑوں کی نقل و حرکت کے پیش نظر خصوصی ٹریفک نشانات بھی نصب کیے جاتے ہیں۔ساحلی علاقے میں پہنچنے کے بعد نر کیکڑے جزیرے کے نچلے حصوں میں زمین کھود کر بل بناتے ہیں۔ مادہ کیکڑے بھی وہاں پہنچتی ہیں اور ان بلوں میں یا ان کے قریب ملاپ کرتی ہیں۔ اس کے بعد نر کیکڑے دوبارہ سمندر میں جاتے ہیں اور پھر جنگلات کی طرف واپس روانہ ہو جاتے ہیں۔مادہ کیکڑے ملاپ کے بعد بلوں میں ہی رہتی ہیں۔ تقریبا 2 ہفتے تک ان کے پیٹ کے نیچے موجود تھیلی میں انڈے نشوونما پاتے ہیں۔ ایک مادہ کیکڑا ایک مرتبہ میں ایک لاکھ تک انڈے پیدا کر سکتی ہے۔چاند کی آخری تاریخوں میں مادہ کیکڑے اپنے انڈے چھوڑنے کے لیے ساحل پر جمع ہوتی ہیں۔ طلوع آفتاب سے پہلے جب اونچی لہر واپس اترنا شروع ہوتی ہے تو وہ پانی میں جا کر انڈے چھوڑ دیتی ہیں۔پانی سے ٹکراتے ہی انڈوں سے ننھے لاروا نکل آتے ہیں جو سمندری لہروں کے ساتھ کھلے سمندر کی طرف چلے جاتے ہیں۔ تقریبا ایک ماہ تک سمندر میں نشوونما پانے کے بعد وہ چھوٹے کیکڑوں کی شکل اختیار کرتے ہیں اور دوبارہ ساحل کے راستے جنگلات کی طرف سفر شروع کر دیتے ہیں۔بحرہند میں واقع کرسمس آئی لینڈ سرخ کیکڑوں کی سالانہ نقل مکانی کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔ پارکس آسٹریلیا کے مطابق جزیرے پر ان کی مجموعی آبادی کا تخمینہ تقریبا 10 کروڑ ہے۔یہ کیکڑے جنگلات میں گرے ہوئے پتے اور پودوں کی باقیات کھاتے ہیں اور اس طرح جنگلاتی ماحول میں غذائی اجزا کی گردش اور قدرتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کی سالانہ نقل مکانی دنیا کے منفرد قدرتی مناظر میں شمار ہوتی ہے۔