24نومبر:پی ٹی آئی کا اسلام آباد کے چاروں اطراف سے دھاوا بولنے کا فیصلہ(اس د ن فیصلہ ہوجائیگا کون پارٹی میںرہے گا کون نہیں: بانی تحریک انصاف)

تحریک انصاف کی قیادت ہر صورت اسلام آباد پہنچنے کے لیے پر عزم ، اس حوالے سے پی ٹی آئی اسلام آباد اور راولپنڈی ریجن کی قیادت کو اہم ذمہ داری سونپ دی گئی، تمام صوبوں کے قافلوں کو اسلام آباد کے الگ الگ راستوں پر پہنچنے کا ٹاسک دیا گیا 
کارکنان کو اسلام آباد لانے کے اخراجات ایم این ایز اور ایم پی ایز برداشت کریں گے، اسلام آباد پہنچ کر کہاں قیام کرنا ہے قیادت بعد میں آگاہ کرے گی،کور کمیٹی ارکان نے ڈی چوک میں پڑائو کرنے کی تجویز ،اب کی بار وفاقی حکومت کے لیے بڑا سرپرائز تیار کیا گیا ہے،ذرائع 
24 نومبر کو قافلے لے کر مین سڑکوں پر نکل کر اس کی فون پر تفصیلی ویڈیوز بنائیں، جس میں صرف گاڑیاں نہیں بل کہ عوام اپنے ہمراہ جو لائیں اْس کو بھی ریکارڈ کریں، عمران خان کی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک؍ نیوز ایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف نے احتجاج کی حکمت عملی طے کرتے ہوئے 24 نومبر کو اسلام آباد کے چاروں اطراف سے دھاوا بولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت ہر صورت اسلام آباد پہنچنے کے لیے پر عزم ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی اسلام آباد اور راولپنڈی ریجن کی قیادت کو اہم ذمہ داری سونپ دی گئی۔قافلوں کے اسلام آباد پہنچنے تک راولپنڈی اور اسلام آباد کی قیادت بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائے گی جبکہ تمام صوبوں کے قافلوں کو اسلام آباد کے الگ الگ راستوں پر پہنچنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق 24 نومبر کو ملک گیر احتجاج ہوگا اور اسلام آباد پہنچ کر کہاں قیام کرنا ہے قیادت بعد میں آگاہ کرے گی۔ کور کمیٹی ارکان نے ڈی چوک میں پڑائو کرنے کی تجویز دی ہے اور پارٹی قیادت نے واضح کہا کہ ذہن نشین کر لیں احتجاج غیر معینہ مدت کے لیے ہوگا۔پارٹی نے ہدایت دی ہے کہ اپنے اپنے اضلاع کے کارکنان کو اسلام آباد لانے کے اخراجات ایم این ایز اور ایم پی ایز برداشت کریں گے، کارکنان کی اسلام آباد آمد پر تمام انتظامات کی مشترکہ حکمت عملی بھی بنا لی گئی ہے۔ذرائع علی امین گنڈاپور کے مطابق اب کی بار وفاقی حکومت کے لیے بڑا سرپرائز تیار کیا گیا ہے، پہلے احتجاجوں کی نسبت بہترین حکمت عملی بنا لی گئی ہے۔پارٹی قیادت کی گرفتاریوں کی صورت میں پلان بی پر عمل ہوگا جبکہ حلقوں سے کارکنان کو لانے والے ایم این ایز یا رہنماوں کی گرفتاری کی صورت میں متبادل لیڈرز کی فہرست بنا کر ٹاسک دیا جائے گا۔

دوسرا انٹرو
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی جانب سے کارکنان کے لیے 24 نومبر احتجاج کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں۔پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کی جانب سے جاری ہونے والی عمران خان کی ہدایات کے مطابق 24 نومبر فیصلے کا دن ہے، اس دن یہ فیصلہ ہو گا کہ کون میری پارٹی میں رہے گا اور کون نہیں رہے گا۔سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق 24 نومبر کو قافلے لے کر مین سڑکوں پر نکل کر اس کی فون پر تفصیلی ویڈیوز بنائیں، جس میں صرف گاڑیاں نہیں بل کہ عوام اپنے ہمراہ جو لائیں اْس کو بھی ریکارڈ کریں۔