ملک میں آگ لگا کر سیاسی تحریکیں نہیں چلائی جاتیں: عون چودھری

حکومت پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ، کے پی کے غیور عوام ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں استعمال نہ ہوں 
 کیا آپ 9مئی والا واقعہ دوبارہ دہرانا چاہتے ہیں، عوام اب آپ کے جھوٹے نعروں میں نہیں آئیں گے، پریس کانفرنس
 لاہور(آئی ا ین پی )استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چودھری نے پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے واضح پیغام دیا کہ سیاسی و معاشی استحکام آتے ہی ملک دشمن عناصر جلا ئوگھیرائو کی فضا پیدا کردیتے ہیں، ملک میں آگ لگا کر سیاسی تحریکیں نہیں چلائی جاتیں،حکومت پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے، کے پی کے غیور عوام ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں استعمال نہ ہوں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عون چودھری نے کہا کہ ہمیں اپنی آزاد ریاست کی اہمیت کو جاننا ہے، ایسے کونسے ملک دشمن عناصر ہیں جو جلائو ،گھیرا ئوکی فضا پیدا کرتے ہیں؟، ہمیں ان ممالک کو دیکھنا ہے جو آزاد ریاستیں نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک جماعت اعلان کرتی ہے فلاں تاریخ کو اسلام آباد پر حملہ کریں گے، حقیقی آزادی کیلئے نکلنا ہے، آپ کی حقیقی آزادی ایک شخص پر منحصر ہے، آپ اپنے ملک میں قانون کو دیکھیں۔عون چودھری نے کہا کہ کچھ لوگ مدینہ کی ریاست کی بات کیا کرتے تھے انہوں نے بدتہذیبی ،بدمعاشی کے کلچر کو فروغ دیا ہے، اپنے بچوں کو سڑکوں پر لانے سے کیا حقیقی آزادی ملے گی؟، ہم اپنے بچوں کو استعمال نہیں ہونے دیں گے۔رہنما استحکام پاکستان پارٹی کاکہنا تھا کہ ڈیجیٹل دہشتگردی پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے، بیرون ملک بیٹھ کر افواج پاکستان کے خلاف مہم چلاتے ہیں، یہ بیرون ملک بیٹھ کر  فلسطین یا کشمیر کیلئے مہم کیوں نہیں چلاتے۔انہوں نے کہا کہ کیا آپ 9مئی والا واقعہ دوبارہ دہرانا چاہتے ہیں، پاکستان کے عوام اب آپ کے جھوٹے نعروں میں نہیں آئیں گے، سیاسی موومنٹ یلغار،حملہ یا آگ لگانے سے نہیں چلتیں، آپ کے اندر جو سانپ ہیں وہ ملک دشمن ہیں۔عون چودھری نے کہا کہ ہم بھی تبدیلی کی جدوجہد میں شامل تھے مگر تبدیلی کا نعرہ عثمان بزدار اور فرح گوگی پر ختم ہوا، ہماری جدوجہد عثمان بزدار یا فرح گوگی کیلئے نہیں تھی، پی ٹی آئی دور کرپشن کی تاریخی داستانیں رقم ہوئیں جو پہلے کبھی نہیں سنیں۔ آپ ہر تیسرے دن کہتے ہیں اسلام آباد پر یلغار کرنے آرہے ہیں، آپ پاکستان کے دوست نہیں دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ دعوے سے کہتا ہوں کہ پنجاب حکومت نے عوام کو سہولت دینے کیلئے بہت سارے پراجیکٹس کے اعلانات کیے ہیں ، اگر پنجاب حکومت یہ اقدامات کردیتی ہے تو بہت بڑا گیم چینجر ہوگا، جلسہ رکھنے سے اگر عوام کو کچھ ملنا ہے تو ہم بھی رکھ لیتے ہیں، جلسہ ،جلوس تو انتخابات اور سیاسی فضا کیلئے ہوتا ہے۔