موبائل سے بنائی گئی ویڈیوز کو حکومت سی سی ٹی وی فوٹیجز کا نام دے رہی ہے، ایڈٹ بھی درست نہیں کیا گیا
یہ لوگ کیا عوام کو پاگل سمجھتے ہیں سی سی ٹی وی فوٹیجز کا مطلب کیا ہے؟ ، سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم
اسلام آباد(آئی این پی (پی ٹی آئی نے 9مئی پرتشدد واقعات سے متعلق حکومتی سی سی ٹی وی فوٹیجز کو جعلی قرار دے کر مسترد کر دیا ہے ۔ سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ حکومت کیا اس قسم کی فوٹیجز کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کہتی ہے؟ ،موبائل سے بنائی گئی ویڈیوز کو حکومت سی سی ٹی وی فوٹیجز کا نام دے رہی ہے، فوٹیجز کو ایڈٹ بھی درست طریقے سے نہیں کیا گیا، یہ لوگ کیا عوام کو پاگل سمجھتے ہیں ،سی سی ٹی وی فوٹیجز کا مطلب کیا ہے؟ ۔انہوں نے کہا کہ یہ کیا طریقہ ہے ایک ٹکڑا مختلف جگہ سے دوسرا ٹکڑا کہیں اور سے نکالا گیا، حکومت پر یقین تو دور کی بات ہم تو اس حکومت کو مانتے ہی نہیں، اس سے پہلے کہاں انہوں نے ہمارے پرامن احتجاج کو قبول کیا ہے؟ ہم جب بھی احتجاج کی کال دیتے ہیں اسلام آباد کنٹینرستان بن جاتا ہے۔کوٹ لکھپت میں قید پارٹی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کے شکوے پر شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ان کے شکوے میں وزن ہے، ان کی پارٹی کیلیے قربانیاں ہیں،پی ٹی آئی قیادت کو شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کرنی چاہیے، ان سمیت باقی اسیران سے بھی قیادت کو ملنا چاہیے۔