ہنگو پولیس کی کارروائی: انتہائی مطلوب3 دہشت گرد گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد

 دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ اورسکیورٹی داروں کو دہشت گردی کے گیارہ مقدمات میں مطلوب ،سرپرانعام بھی مقررتھا،ڈی پی او ہنگو خالد خان
ہنگو(آئی این پی )ہنگو پولیس نے ایک کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب تین دہشت گردوں کوگرفتارکرلیا اور بھاری اسلحہ برآمد کرلیا گیا،دہشت گرد ہائی پروفائل ٹارگٹ کے لیے ہنگومیں موجود تھے۔ڈی پی اوہنگومحمدخالد خان نے سی ٹی ڈی ایس پی سعادت خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ خصوصی آپریشن کے ذریعے تینوں دہشت گردوں کوگرفتارکرکے ان سے ہینڈ گرنیڈ کلاشنکوف سمیت اسلحہ اورموبائل برآمدکیے ہیں اوریہ دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ اورسکیورٹی داروں کو دہشت گردی کے گیارہ مقدمات میں مطلوب تھے۔ڈی پی اونے بتایا کہ بھتہ خوری،دہشت گردی سمیت دیگرمقدمات میں مطلوب دہشت گردوں پرمحکمہ داخلہ نے بیس بیس لاکھ انعام بھی مقررکررکھا تھا،ڈی پی او کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کو سی ٹی ڈی کوہاٹ کے حوالے کیاجارہا ہے جہاں ان سے مزید تحقیقات کی جائیں گی،گرفتاردہشت گردوں کو میڈیا کے سامنے بھی پیش کیا گیا۔