24نومبر کے احتجاج سے میرا کوئی تعلق نہیں:شیخ رشید

 آرمی چیف سے استدعا ہے بے گناہوں کو معاف کردیں‘ ہم گناہ گار ہیں تو سزا دیں
7سال قید سے 40 دن کا چلہ بہت بھاری تھا‘ 40 دن مجھے غار میں رکھا گیا:میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے آرمی چیف سے استدعا ہے بے گناہوں کو معاف کردیں، لوگ مہنگائی سے مر رہے ہیں اور کسی کو پرواہ نہیں،24 نومبر کے احتجاج کی کال پر میں کچھ نہیں کہہ سکتا، اصل مسائل کی طرف آئیں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے لیے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں 150 ملزم ہیں ۔ کوئی ایک کہہ دے میں کیس ملوث ہوں تو سزا لینے کو تیار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف عاصم منیر سے استدعا ہے کہ بے گناہوں کو معاف کر دیں۔ سیاست دانوں کو بے شک ٹرائل کیا جائے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف قیامت ڈھانے والا ہے۔ 7سال قید سے 40 دن کا یہ چلہ بہت بھاری ہے۔ 40 دن مجھے غار میں رکھا گیا۔شیخ رشید نے کہا کہ میری صرف عمران خان سے دوستی ہے، تھی، ان کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑارہوں گا۔پی ٹی آئی کی 24 نومبر کال سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ 24 نومبر کا پاکستان تحریک انصاف سے پوچھیں، مجھ سے نہ سوال کریں، اصل مسائل کی طرف آئیں، لوگ مہنگائی سے مر رہے ہیں اور کسی کو پرواہ نہیں۔انہوں نے کہا میں یہاں موجود نہیں تھا میرے خلاف شہادت بھی نہیں۔ کوئی حلف پرمیرے خلاف شہادت دے تو سزا دید یں۔