دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا بڑا ہدف دے دیا ہے۔
سلہٹ میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز پاکستان کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں بنگلادیش کی ٹیم 390 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پہلی اننگز میں 46 رنز کی برتری کے باعث میزبان ٹیم نے پاکستان کو مجموعی طور پر 437 رنز کا ہدف دیا۔بنگلادیش کی جانب سے مشفیق الرحیم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 137 رنز اسکور کیے، جبکہ لٹن داس نے 69 اور محمود الحسن جوئے نے 52 رنز بنائے۔تیسرے روز کھیل کا آغاز بنگلادیش نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز سے کیا تھا۔ اس کے بعد نجم الحسن شانتو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ لٹن داس 69 رنز پر پویلین لوٹے۔مہدی حسن میراز 19 رنز بنا سکے، تیج الاسلام 22 رنز، تسکین احمد 6 رنز اور شرف الاسلام 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آخر میں مشفیق الرحیم 137 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے اور پوری ٹیم 390 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، ساجد خان نے 3، حسن علی نے 2 جبکہ محمد عباس نے ایک وکٹ لی۔اس سے قبل پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 232 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، جبکہ بنگلادیش کو پہلی اننگز میں 46 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔