ابوظہبی میں جاری واحد ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے افغانستان کو جیت کے لیے 478 رنز کا ہدف دے دیا۔
کھیل کے چوتھے روز دوسرے سیشن میں بنگلادیش نے اپنی دوسری اننگز 7 وکٹوں کے نقصان پر 372 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی۔بنگلادیش کی جانب سے لٹن داس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی ساتویں سنچری اسکور کی اور 102 رنز بنائے۔ کپتان نجم الحسن شنتو 82 جبکہ مشفق الرحیم 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مہدی حسن میراز نے 52 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہ کر ٹیم کا مجموعہ 372 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔افغانستان کی جانب سے یامین احمدزئی، محمد سلیم اور ضیاءالرحمان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ قیس احمد ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
افغانستان کی پہلی اننگز 240 رنز پر ختم
اس سے قبل افغانستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ افغان کپتان رحمت شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 105 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، تاہم دوسرے بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک سمیت 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عبادت حسین نے 4 اور مہدی حسن میراز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلادیش کی پہلی اننگز میں 346 رنز
واحد ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں 346 رنز بنائے تھے۔ تنزید حسن 83، شادمان اسلام 67 اور لٹن داس 53 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔افغانستان کی جانب سے محمد سلیم نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ یامین احمدزئی نے 3، وصم اسلام نے 2 اور قیس احمد نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔بنگلادیش کی جانب سے 478 رنز کا ہدف ملنے کے بعد افغانستان کو میچ جیتنے کے لیے مضبوط بیٹنگ کا مظاہرہ کرنا ہوگا، جبکہ بنگلادیشی بولرز کی کوشش ہوگی کہ وہ افغان ٹیم کو ہدف تک پہنچنے سے روکیں۔