بجٹ سے قبل ملک بھر میں بجلی صارفین کے لیے ریلیف کی امید پیدا ہو گئی ہے، کیونکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) اس معاملے پر کل سماعت کرے گا، جس میں ڈسکوز کی جانب سے پیش کی گئی ریلیف کی درخواست پر غور کیا جائے گا۔ڈسکوز نے جنوری تا مارچ 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت مجموعی طور پر 63 ارب 94 کروڑ روپے کے ریلیف کی درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں مختلف مدات میں کمی کی تجویز دی گئی ہے، جن میں کیپسٹی چارجز میں 36 ارب 84 کروڑ روپے، سسٹم استعمال کے چارجز اور مارکیٹ آپریشن فیس میں 11 ارب 24 کروڑ روپے جبکہ انکریمنٹل یونٹس کی مد میں 23 ارب 51 کروڑ روپے کمی شامل ہے۔
حکام کے مطابق مجموعی لاگت کے حساب سے دیکھا جائے تو بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی بنتی ہے، تاہم فی یونٹ قیمت میں حتمی کمی کا فیصلہ نیپرا کی منظوری کے بعد ہی سامنے آئے گا۔دوسری جانب عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) مؤقف رکھتا ہے کہ بجلی کے نرخ لاگت کی مکمل وصولی کے مطابق برقرار رکھے جائیں، جس کے باعث اس فیصلے پر حتمی اثرات نیپرا کے ریگولیٹری فیصلے کے بعد ہی واضح ہوں گے۔