ذوالحج کا چاند نظر آگیا،عید 27مئی بروزبدھ ہوگی

سعودیہ ،انڈونیشیا،ترکیہ ، تیونس میں بھی چاند کی رویت کا اعلان 
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملک میں ذو الحج کا چاند نظر آنیکا اعلان کردیا، ذوالحج 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، ملک بھر میں یکم ذوالحج 18 مئی بروز پیر ، عید الاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ ہوگی۔ذو الحج کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔اجلاس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹی کیارکان، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین بھی شریک ہیں۔اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی سپریم کورٹ نے چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ مملکت میں عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہو گی جب کہ یکم ذوالحجہ 18 مئی اور وقوف عرفہ 26 مئی کو ادا کیا جائے گا۔جنوبی ایشیائی ملک انڈونیشیا میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا ہے جہاں عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہو گی۔ اس سے قبل تیونس اور ترکیہ میں بھی ذوالحج کا چاند نظر آنے کی تصدیق ہو گئی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک نے پیر 18 مئی کو یکم ذوالحجہ اور بدھ 27 مئی کو عید الاضحیٰ منانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔دوسری جانب ترکیہ نے بھی پیر 18 مئی کو یکم ذواالحج قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ ترکیہ میں چاند دیکھنے کے روایتی طریقے کے بجائے فلکیاتی حساب کتاب پر مبنی پہلے سے تیار کردہ اسلامی کیلنڈر کی پیروی کی جاتی ہے ۔