کوکین ڈیلر پنکی پکڑی گئی‘پولیس کا پروٹوکول ہتھکڑی کے بغیر پیشی جج نے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

کراچی  پولیس نے منشیات فروشی کے بین الصوبائی نیٹ ورک کی  بد نام زمانہ سرغنہ انمول عرف پنکی کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے  کی منشیات برآمد کی تھی
 ملزمہ  منشیات کی سپلائی کا منظم نیٹ ورک چلا رہی تھی‘ آرڈرز کی ترسیل کیلئے مخصوص رائیڈرز کا استعمال کیا جاتا تھا‘ خواتین رائیڈرز کو بھی نیٹ ورک کا حصہ بنایا گیا 
ہم دھڑلے سے کام کررہے ہیں،اٹھا سکتے ہوتو اٹھا لو،آپ لوگوں کی عقل گھٹنوں میں ہے،جس دن دماغ سے سوچو گے میری طرح ’’برینڈ‘‘بن جاؤ گے:پنکی
مجھے پکڑنے کے لئے  پتہ نہیں کہاں کہاں سے آجاتے ہیں،ریٹائرمنٹ کے بعد فون کرکے بتاتے ہیں تمہیں نہیں پکڑپائے:انمول عرف پنکی کی مبینہ آڈیو میں گفتگو
 کراچی (آن لائن‘آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)  کراچی  میں پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر اہم کارروائی کرتے ہوے منشیات فروشی کے بین الصوبائی نیٹ ورک کی  بد نام زمانہ سرغنہ انمول عرف پنکی کو گرفتار کرلیا۔اور کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی ۔ پولیس کے مطابق ملزمہ شہر میں منشیات کی سپلائی کا منظم نیٹ ورک چلا رہی تھی اور طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھی۔ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمہ 10 سے زائد سنگین مقدمات میں مفرور رہی ہے جبکہ اس کی گرفتاری کو تفتیشی حکام بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمہ کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کوکین، منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والے مختلف کیمیکلز، غیر قانونی پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں۔پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ جدید اور منظم انداز میں آن لائن منشیات سپلائی نیٹ ورک چلا رہی تھی، جہاں آرڈرز کی ترسیل کے لیے مخصوص رائیڈرز کا استعمال کیا جاتا تھا۔تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ گرفتاری سے بچنے کے لیے خواتین رائیڈرز کو بھی نیٹ ورک کا حصہ بنایا گیا تھا تاکہ سرگرمیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں  سے اوجھل رہ سکیں۔پولیس نے پاکستان کی سب سے بڑی کوکین ڈیلر انمول پنکی کو پولیس نے بغیر ہتھکڑی پروٹوکول میں عدالت میں پیش کر دیا۔کوکین ڈیلر پنکی پیشی کے موقع پر آگے آگے چلتی رہی، جب کہ تفتیشی افسر پیچھے پیچھے چلتا رہا، تفیشی افسر انمول پنکی کو راستہ بھی دکھاتا رہا‘دریں اثناء پنکی کی ایک مبینہ آڈیو سامنے آئی  ہے جس میں انمول عرف پنکی نے  کہا  ہم دھڑلے سے کام کررہے ہیں،اٹھا سکتے ہوتو اٹھا لو،ہم نے پورے کراچی میں اندھیر ڈالا ہوا ہے، روک سکو تو روک لو۔انمول عرف پنکی  نے پولیس کو پیغام دیا  آپ لوگوں کی عقل گھٹنوں میں ہے،جس دن دماغ سے سوچو گے میری طرح "برینڈ" بن جاؤ گے،مجھے پکڑنے کے لیے پتہ نہیں کہاں کہاں سے آجاتے ہیں،ریٹائرمنٹ کے بعد فون کرکے بتاتے ہیں تمہیں نہیں پکڑپائے۔دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ملزمہ  کی سہولت کاری کررہا ہے تو اس کیخلاف کارروائی ہوگی،یقین دہانی کراتی ہوں کہ ملزمہ کے سہولت کاروں کو نہیں چھوڑا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف ایکشن لینے والی ہوم کمیٹی کی ممبر ہوں،وزارت داخلہ سے بات کروں گی کہ پنکی کیس کی مکمل تفتیش ہونی چاہیے ، پنکی کیس میں جوبھی سہولت کار ہیں ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔