عید پر خصوصی فوڈ، میٹ اور ڈیری سیفٹی ٹیمیں تشکیل

کارروائی کے دوران 60 ہزار 205 کلوگرام جعلی اشیا بر آمد کر کے تلف 
لاہور( خصوصی رپورٹ) ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ عیدالفطر کے دوران بھی فیلڈ آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے، جبکہ خصوصی فوڈ، میٹ اور ڈیری سیفٹی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو عید کی چھٹیوں میں تین شفٹوں میں چیکنگ کریں گی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق عید کے تینوں دن فیلڈ ٹیموں کو ہنگامی بنیادوں پر شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ تمام ڈویڑنل اور ضلعی آفیسران اپنی ٹیموں کی کارکردگی کی خود نگرانی کریں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ عید سے قبل سویٹس یونٹس، مصالحہ یونٹس اور کاربونیٹڈ ڈرنکس یونٹس کی مسلسل چیکنگ جاری ہے، جبکہ عید کے دوران دودھ، گوشت، سویاں اور دیگر اشیائے خورونوش کی سخت نگرانی کی جائے گی۔دریں اثنا کارروائی کے دوران 60 ہزار 205 کلوگرام جعلی اشیا بر آمد کر کے تلف کر دی گئیں، جبکہ 2 فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور ایک شربت یونٹ کو سیل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ 10 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 4 لاکھ 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور ایک مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کارروائی اکبری منڈی، بحریہ ٹا ئون، ایم ایم عالم روڈ، ڈھلوان روڈ اور فیروزوالا کے علاقوں میں کی گئی، جہاں سے 56 ہزار 25 کلو پا ئوڈر، 3 ہزار 750 لیٹر کولڈ ڈرنکس، 108 لٹر شربت، 3 من سے زائد مربہ، ممنوعہ رنگ اور پیکنگ میٹریل تلف کیا گیا۔