میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں 90 فیصد حاضری لازمی قرار

 فرسٹ ائیر سے پاس مارکس بھی 70 فیصد کردئیے گئے :یو ایچ ایس سنڈیکیٹ اجلاس 
لاہور (  کرائم رپورٹر ) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کی سنڈیکیٹ کا 85واں اجلاس گزشتہ روز ہوا ،صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور نے کی۔ اجلاس میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے طلبا کیلئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی ہدایت کے مطابق کم از کم 90 فیصد حاضری اور 70 فیصد پاس مارکس کی شرائط لاگو کرنے کی منظوری دی گئی۔ 90 فیصد سے کم حاضری پر امیدوار کو سالانہ امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت نہ ہوگی۔ مزید بر آں پروفیشنل امتحان پاس کرنے کیلئے امیدوار کو کم ازکم 70 فیصد نمبر حاصل کرنے ہوں گے۔ یہ شرائط سیشن 25 -2024 میں داخل ہونے والی ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس فرسٹ ایئر کی نئی کلاس پر لاگو ہوں گی۔ پہلے سے پڑھنے والے طلبہ پر ان کا اطلاق نہیں ہوگا۔ فی الوقت میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں کم از کم لازمی حاضری 85 فیصد جبکہ پاسنگ مارکس 50 فیصد ہیں۔ اجلاس میں یو ایچ ایس فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے لئے سنڈیکیٹ کے رکن کے طور پر ڈاکٹر زاہد پرویز کو نامزد کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ علاوہ ازیں سہارا میڈیکل کالج نارووال اور شریف میڈیکل کالج لاہور کی ایم بی بی ایس نشستوں میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں 100 سے بڑھا کر 150 کر دیا گیا۔