ملک کو آئی ایم ایف سے ہمیشہ ن لیگ کی حکومت نے نجات دلائی عطا ء اللہ تارڑ

وزیراعظم  ، وزیر خزانہ، فیلڈ مارشل ، ایس آئی ایف سی اور دیگر تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے ملک معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے :وفاقی وزیر اطلاعات
 حکومت پائیدار بنیادوں پر معاشی استحکام کو برقرار رکھنا چاہتی ہے،یہ بجٹ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیساتھ  کاروباری طبقے کیلئے سہولتوں پر  مبنی ہے:وزیر مملکت  خزانہ بلال اظہر کیانی  
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے  مشکل حالات کے باوجود ریلیف پر مبنی بجٹ بنایا، ٹیکس نہ دینے والے کا بوجھ ٹیکس دینے والے پر نہیں ڈالا، تنخواہ دار طبقے، برآمد کنندگان اور کاروباری شعبے کو بڑا ریلیف دیا گیا  ہے،وزیراعظم  ، وزیر خزانہ، فیلڈ مارشل ، ایس آئی ایف سی اور دیگر تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے ملک معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے،بعض عناصر بجٹ کے خدوخال جانے بغیر تنقید برائے تنقید کررہے ہیں،ایسے عناصر منفی ماحول پیدا کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں،ملک کو آئی ایم ایف سے ہمیشہ ن لیگ کی حکومت نے نجات دلائی۔ ان  خیالات کااظہار انہوں نے  وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی  کے  ہمراہ آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے حوالے سے آن لائن بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ سابقہ بجٹوں سے مختلف اور ریلیف پر مبنی ہے۔ کچھ لوگوں کو محض تنقید کی عادت ہے اور وہ تنقید برائے تنقید پر یقین رکھتے ہیں، تاہم مخالفین بھی اس بجٹ کی تعریف کر رہے ہیں۔ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ایسا بجٹ تیار کیا گیا ہے جس میں مختلف طبقات کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے ۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے خزانہ نے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ یہ بجٹ صنعتکاروں، برآمد کنندگان، خواتین اور نوجوانوں کے لیے ریلیف کا بجٹ ہے، وزیراعظم یوتھ پیکیج کے تحت زرعی قرضوں کے لیے 110 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے 838 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ حکومت پائیدار بنیادوں پر معاشی استحکام کو برقرار رکھنا چاہتی ہے اور یہ بجٹ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ کاروباری طبقے کے لیے سہولتوں پر بھی مبنی ہے، 5 ارب روپے کی ڈیوٹی ختم کر کے ریلیف دیا گیا ہے۔