رانا تنویر حسین کا بانی پی ٹی آئی کو اپنے مدمقابل الیکشن لڑنے کا چیلنج

میں الیکشن جیت کر آیا ہوں، میرے حلقے میں ایک بھی جعلی ووٹ نہیں پڑا:وفاقی وزیر
 رانا تنویر اور  عاطف خان میں تلخ جملوں کا تبادلہ،اپوزیشن ارکان نے    بیچ بچائو   کرایا
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ   رانا تنویر حسین نے  بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اپنے مدمقابل الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا۔ بدھ کو  قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ن لیگی ایم این اے وفاقی وزیر رانا تنویر اور پی ٹی آئی رہنما عاطف خان میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور معاملہ اتنا گرما گرم ہوا کہ رانا تنویر نے جوش میں آ کر پی ٹی آئی کو  عمران خان کو اپنے مدمقابل الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ میں الیکشن جیت کر آیا ہوں اور میرے حلقے میں ایک بھی جعلی ووٹ نہیں پڑا۔ پی ٹی آئی کو چیلنج کرتا ہوں کہ میرے مقابلے میں عمران خان کو الیکشن لڑوائیں۔اس موقع پر جب تلخ کلامی بڑھی تو اپوزیشن ارکان نے رانا تنویر اور عاطف خان میں بیچ بچائو بھی کرایا۔ اپوزیشن رہنما نے کہا کہ رانا تنویر حسین آپ چپ کر جائیں۔ن لیگی رہنما رانا تنویر نے کہا کہ میں آپ کے لیڈر کو خوب جانتا ہوں، آج آپ کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ مکافات عمل ہے۔