ہر تقریب پر 50ہزار روپے ٹیکس تجویزنے نہ صرف شہریوں بل کہ شادی ہال مالکان کو بھی شدید پریشان کر دیا
پشاور(آئی این پی )خیبر پختونخوا کے مالی سال 26-2025کے مجوزہ بجٹ میں شادی ہالز میں ہر تقریب پر 50ہزار روپے نیا ٹیکس عائد کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، جس نے نہ صرف شہریوں بل کہ شادی ہال مالکان کو بھی شدید پریشان کر دیا ہے۔شادی ہالز میں پہلے ہی وفاق اور صوبے کے مختلف اداروں کو ٹیکس دیا جاتا ہے۔ ایف بی آر کو فائلرز 10 فیصد جبکہ نان فائلرز 20فیصد تک ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی ہر تقریب پر 11 فیصد ٹیکس وصول کرتی ہے، جو کہ تقریبا 25 ہزار روپے بنتا ہے۔ اب مزید 50 ہزار روپے کا مجوزہ ٹیکس شہریوں اور کاروباری طبقے کے لیے ایک نیا مالیاتی بوجھ بن کر سامنے آ رہا ہے۔