ٹوکیو (آئی این پی )نیند کی کمی سے پریشان جاپانی قوم کیلئے اب ایک انقلابی ایجاد سامنے آئی ہے۔ جاپانی ڈیزائن فرم کونیل نے ایسی جیکٹ تیار کی ہے جو روشنی اور موسیقی کی مدد سے انسان کو کہیں بھی سلا سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ جیکٹ پہننے والے کی دل کی دھڑکن اور جسمانی درجہ حرارت جیسے بائیومیٹرک ڈیٹا کی بنیاد پر مخصوص آوازیں اور لائٹنگ پیدا کرتی ہے تاکہ نیند کیلیے موزوں ماحول بن سکے۔یہ جیکٹ بظاہر ایک عام لیکن اوور سائز پفر جیکٹ ہے، جو روزمرہ پہنی جا سکتی ہے لیکن اس کی خاص بات اس کا سلیپ موڈ ہے جو صرف ہڈ چڑھانے سے فعال ہو جاتا ہے۔جیکٹ کا ہڈ اتنا گہرا ہے کہ پہننے والے کو مکمل پرسکون ماحول فراہم کرتا ہے، جیکٹ میں نصب سسٹم سرخ روشنی سے نیند لانے اور نیلی روشنی سے بیدار کرنے میں مدد دیتا ہے، ساتھ ہی مخصوص نیوٹرل میوزک دماغ کی لہروں پر اثر انداز ہو کر نیند کو گہرا کرتا ہے۔ جیکٹ میں لگے سینسر صارف کی نیند اور ذہنی دبائو کو مسلسل مانیٹر کرتے ہیں، اگر دبائو کم نہ ہو تو سسٹم ازخود زیادہ موثر آوازیں چلا دیتا ہے تاکہ نیند میں مدد ملے۔