اسرائیل خطے میں پولیس مین بنناچاہتاہے: شیری رحمن

یہ جنگ بڑھتی چلی گئی تو محدود نہیں رہ سکے گی، نیتن یاہو اور نریندر مودی کے نظریات ایک ہیں
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمن نے کہا ہے کہ اسرائیل جارحانہ اور بے قابو ہے جو پورے خطے کا پولیس مین بننا چاہتا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمن نے کہا کہ ایران نے ٹکا کر جواب دیا اور دے بھی رہا ہے۔  ایران کا ردعمل بھی سب دیکھ رہے ہیں، دنیا میں کشیدگی اونچی سطح پر جاسکتی ہے اگر یہ معاملہ اسی طرح چلتا رہا۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ اگر یہ جنگ بڑھتی چلی گئی تو یہ جنگ محدود نہیں رہ سکے گی۔  امریکی صدر بار بار کہہ رہے ہیں میں امن کراتا ہوں لیکن کریڈٹ نہیں ملتا، نیتن یاہو اور نریندر مودی کے نظریات ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے بلا اشتعال خطے میں جنگ مسلط کی، جو باعثِ تشویش ہے۔  مودی سرکار جس طرح دھمکیاں دے رہی ہے وہ منطقی اور مثبت بات چیت کے لیے تیار نہیں۔ پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ پاکستان کا مقدمہ چیئرمین بلاول بھٹو اور ان کے وفد نے بین الاقوامی سطح پر پیش کیا۔  ماضی میں ایسا نہیں ہوا کہ کسی وفد نے 15 روز میں ایسی سفارتی کامیابی حاصل کی ہو۔