اسرائیل کے ایران پر حملے سست نہیں ہوں گے، دو دن میں سب پتا چل جائے گا، روس اور شمالی کوریا کے ایران کو مدد فراہم کرنے کے شواہد ملے ہیں:امریکی صدر
ایران پر حملوں سے جنگ کا دائرہ وسیع ہوسکتا ہے‘ دھمکیوں سے مشرق وسطی میں امن قائم نہیں ہوسکتا ‘ صورتحال کو پرسکون بنانے کیلئے سفارتی راستہ ہی واحد حل ہے:چینی وزیرخارجہ
واشنگٹن ،بیجنگ (آئی این پی ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر دبائو میں مزید شدت لانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاہے اسرائیل کے ایران پر حملے سست نہیں ہوں گے، دو دن میں سب پتا چل جائے گا، ایران کے جوہری پروگرام کا حقیقی خاتمہ چاہتے ہیں ،وٹکوف یا جے ڈی وینس کو ایران بات چیت کے لیے بھیج سکتے ہیں۔ غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو او رسوشل میڈیا پر پیغامات جاری کرتے ہوئے کہا ایران نے امریکی مفادات کو نشانہ بنایا تو ہم بہت سخت جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران مذاکرات کی میز پر واپس آیا تو وہ وٹکوف یا جے ڈی وینس کو ایران بات چیت کے لیے بھیج سکتے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف حملوں میں روس اور شمالی کوریا کے ایران کو مدد فراہم کرنے کے شواہد ملے ہیں‘انہوں کہا ایرانی شہر ی تہران کو خالی کردیں‘ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کو جلتی پر تیل قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے ایران پر حملوں سے جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہوسکتا ہے۔چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دھمکیوں سے مشرق وسطی میں امن قائم نہیں ہوسکتا اور صورتحال کو پرسکون بنانے کے لیے سفارتی راستہ ہی واحد حل ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ بیجنگ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے پر آمادہ ہے۔